نئی دہلی28جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی)نے آئندہ اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے 20امیدواروں کی آٹھویں فہرست جاری کی۔403سیٹ والی ریاست میں ابھی تک وہ 150امیدواروں کا اعلان کر چکا ہے۔اجیت سنگھ کی قیادت والی پارٹی نے اپنی تازہ فہرست میں سہارنپور، مرادآباد، فتح پور اور شاہ جہاں پور جیسی اہم سیٹوں سے بھی امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔آر ایل ڈی کے سرکاری بیان کے مطابق بھورا ملک کو سہارنپور سے، عبدالرؤف ملک کو مرادآباد سے، وکرم سنگھ لودھی کو فتح پور سے اور گورو گوتم کو شاہ جہاں پور سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔نکد، گنگو، ٹھاکردوارا، بسولی، بلسی، داتانگ، بہیڑی، میرگنج، نواب گنج، بلما، بدھونا، بنسی، پپرچ، حتی اور گھوسی سے بھی امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے۔کل رات جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق کھڈڈا اسمبلی سیٹ سے اب دھننجے سنگھ کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔پہلے این پی کھشواہا کو یہاں سے ٹکٹ دیا گیا تھا۔سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے ساتھ اتحاد کے تمام راستے بند ہونے کے بعد آر ایل ڈی 403سیٹ والی ریاست میں اب تک کل 150امیدواروں کا اعلان کر چکاہے۔آر ایل ڈی نے اعلان کیا تھا کہ وہ جے ڈی یو اور دیگر چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مل کر تمام 403اسمبلی سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کرے گا تاکہ انتخابی طور پر اہم ریاست میں چوتھی پارٹی بن کر ابھر سکے۔اتر پردیش میں سات مرحلوں کے انتخابات 11فروری سے شروع ہوں گے اور نتائج 11مارچ کو اعلان کئے جائیں گے۔